کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبای سیکٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ماہِ رمضان کے مقدس اور بابرکت مہینے میں انتظامیہ کی جانب سے افغان کڈوال عوام کے نام پر مقامی پشتون شہریوں کی بلاجواز گرفتاریاں، توہین آمیز سلوک اور ہراسانی کا سلسلہ تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے، جس کی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کوئٹہ اور قانون نافذ کرنے والے بعض اہلکار شناختی کارڈ کی جانچ اور تفتیش کے نام پر مقامی پشتون عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ افغان کڈوال عوام کے خلاف کارروائی کے نام پر مقامی اور باقاعدہ پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرنا نہ صرف غیر قانونی عمل ہے بلکہ ایک منظم طریقے سے ایک قوم کی تضحیک کے مترادف ہے۔ پارٹی کے مطابق اب تک سینکڑوں افراد کو مختلف علاقوں سے حراست میں لیا جا چکا ہے، جن میں کم عمر نوجوان، محنت کش اور بے گناہ شہری شامل ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ متعدد مقامی شہریوں کو صرف اس بنیاد پر گرفتار کیا گیا کہ وہ پشتون ہیں یا ان کے شناختی دستاویزات کی فوری تصدیق نہ ہو سکی۔ انہیں تھانوں میں منتقل کر کے گھنٹوں اور بعض اوقات دنوں تک حراست میں رکھا جا رہا ہے، اہلِ خانہ کو پریشان کیا جا رہا ہے، اور رہائی کے لیے مختلف حیلوں بہانوں سے رقم طلب کیے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ یہ تمام اقدامات آئینِ پاکستان کی روح، شہری آزادیوں اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہیں۔پریس ریلیز میں اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں، جب احترامِ انسانیت اور رواداری کو فروغ دینا چاہیے، مقامی پشتون آبادی کو اجتماعی طور پر مشکوک قرار دے کر ان کی عزتِ نفس مجروح کی جا رہی ہے۔
پارٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے فوری طور پر اس طرزِ عمل کو بند نہ کیا، زیر حراست تمام بے گناہ افراد کو رہا نہ کیا، اور جھوٹے یا بے بنیاد مقدمات واپس نہ لیے، تو پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ اپنے عوام کے ساتھ مل کر بھرپور، منظم اور مؤثر احتجاجی لائحۂ عمل کا اعلان کرے گی۔ اس ضمن میں پیدا ہونے والی کسی بھی کشیدگی یا صورتحال کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام اور صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔بیان کے اختتام پر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری نوٹس لے کر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں، مقامی پشتون عوام کی تذلیل اور بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ بند کریں، اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال ہو سکے۔
ضلعی انتظامیہ کوئٹہ شناختی کارڈ کی جانچ اور تفتیش کے نام پر مقامی پشتون عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں : پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

