کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 251 سے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیرمین جناب خوشحال خان کاکڑ کی کامیابی کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے تاریخی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کی فتح قرار دیا گیا ہے۔ پارٹی نے عدالتِ عظمیٰ کے اس منصفانہ اور اصولی فیصلے کو حق و انصاف کی بالادستی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی عوام کے اعتماد، کارکنوں کی انتھک محنت اور قیادت کی مستقل مزاج جدوجہد کا نتیجہ ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اس اہم مقدمے کی پیروی کے دوران پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں، قانونی ماہرین اور کارکنوں نے دن رات محنت کی اور ہر قانونی و آئینی تقاضے کو پورا کرتے ہوئے عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ پارٹی نے واضح کیا کہ وہ شروع دن سے اپنے مؤقف پر ثابت قدم رہی اور کسی بھی دباؤ یا مصلحت کا شکار ہوئے بغیر آئینی راستہ اختیار کیا۔مرکزی بیان میں مزید کہا گیا کہ عدالت کا فیصلہ اس امر کا ثبوت ہے کہ جمہوری نظام میں آئینی و قانونی جدوجہد ہی مسائل کا حل ہے۔ پارٹی قیادت نے اس کامیابی کو جمہوریت پسند قوتوں اور باشعور عوام کی مشترکہ فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف حلقہ این اے 251 کے عوام بلکہ پورے صوبے اور پشتونخوا وطن کے لیے نیک شگون ہے۔پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں بھی عوامی حقوق کے تحفظ، صوبے اور پشتونخوا وطن کے وسائل پر اختیار، پارلیمانی بالادستی اور آئین کی حکمرانی ،سماجی عدل و انصاف ،امن و ترقی اور افغانستان میں مسلح مداخلت و جارحیت کے خاتمے اور وہاں انسانی حقوق بالخصوص خواتین کے حقوق کی بحالی ا کے لیے اپنی سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔ بیان میں کارکنوں، ہمدردوں اور وکلاء برادری کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا جن کی کاوشوں سے یہ اہم مرحلہ کامیابی سے طے پایا۔آخر میں پارٹی قیادت نے کہا کہ عوام کے اعتماد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا اور پائیدار ترقی، خوشحالی اور قانون و آئیںن کی حکمرانی کے قیام کے لیے جدوجہد مزید تیز کی جائے گی۔
پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی کا حلقہ این اے 251 سے متعلق سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کا خیر مقدم

ٹیگز:
پشتونخوانیشنل
