کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیری، صوبائی آفس سیکریٹری ندا سنگر، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری عبدالرزاق خان بڑیچ اور سید عبداللہ آغا نے کہا ہے کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے پشتون قومی سوال، حقیقی جمہوریت، سماجی عدل و انصاف اور پائیدار امن کے حوالے سے واضح اور دوٹوک موقف کی بدولت عوام جوق در جوق پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ شہر علاقائی یونٹ کے زیرِ نگرانی کاسی روڈ، ریسانی محلہ میں پارٹی کی تنظیمی مضبوطی اور توسیع کے سلسلے میں منعقدہ ایک شاندار اور بھرپور شمولیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں علاقے کے معتبرین، نوجوانوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے اس امر کا اظہار ہوا کہ پارٹی کی عوامی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور باشعور عوام پارٹی کی قومی و جمہوری جدوجہد پر اعتماد کر رہے ہیں۔ اجلاس کے دوران حاجی شائستہ خان، ساقب خان، نور علی، عنایت اللہ خان، محمد ابراہیم، محمد جنید، شاہ ولی، محمد الیاس اور اسرار خان نے اپنی اپنی فیملیز سمیت باقاعدہ طور پر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر نئے شامل ہونے والے ساتھیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پشتون قوم کے قومی حقوق کے حصول، سیاسی شعور کی بیداری اور تنظیمی استحکام کے لیے پارٹی کی پالیسی اور منشور کے مطابق بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اسی مناسبت سے ایک نیا ابتدائی یونٹ بھی تشکیل دیا گیا۔ تنظیمی ڈھانچے کے مطابق شائستہ خان کو سیکریٹری مقرر کیا گیا، عدنان خان خٹک کو سینئر معاون سیکریٹری منتخب کیا گیا،جبکہ اشرف خان، عارف خان یوسفزئی، اسرار خان، شاہ ولی اور احمد خان کو معاون سیکریٹریز کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ نو منتخب ایگزیکٹو سے وفاداری کا حلف پارٹی کی صوبائی آفس سیکریٹری ندا سنگر نے لیا۔ اجلاس سے صوبائی صدر نصراللہ خان زیری، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری عبدالرزاق خان بڑیچ، سید عبداللہ آغا، شعیب اور منظور خان نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور تنظیمی ڈھانچہ نچلی سطح تک مستحکم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی پشتون قوم کی قومی نجات، سیاسی بیداری اور آئینی و جمہوری حقوق کی جدوجہد کی نمائندہ جماعت ہے، جو پشتونخوا وطن کے اتحاد، عوام کے سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق اور باوقار زندگی کے حصول کے لیے اپنی پرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف علاقوں میں نئے یونٹس کا قیام اور عوام کی مسلسل شمولیت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ باشعور عوام اپنے حق پر مبنی قومی سیاسی تحریک کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی، تعلیمی ترقی، معاشی خودکفالت اور سیاسی استحکام کے حصول کے لیے منظم، مربوط اور شعوری سیاسی جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے، اور پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اس جدوجہد کو مزید منظم اور مؤثر انداز میں آگے بڑھائے گی۔
پشتون قومی سوال ٗحقیقی جمہوریت کے حوالے سے واضح دو ٹوک مؤقف کی بدولت عوام جوق در جوق پارٹی میں شامل ہورہے ہیں ٗ نصراللہ زیرے

ٹیگز:
نصراللہ زیرے
