لاہور (ڈیلی گرین گوادر) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق صدر وسطی پنجاب نازیہ توحید،صدر لاہور عظمی عمران نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر قوم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمیں ایک مرتبہ پھر اس ماہِ مبارک کی فیوض و برکات سمیٹنے کی سعادت حاصل ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک محض روزہ رکھنے کا مہینہ نہیں بلکہ یہ روحانی پاکیزگی، تزکیۂ نفس اور عبادات میں بہتری لانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمیں اس ماہِ مبارک کی ہر گھڑی کو توبہ، عبادات اور صدقہ و خیرات کے ذریعے اپنی زندگیوں کو سنوارنے میں صرف کرنا چاہیے۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے مذید کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے تحت دورۂ قرآن بعنوان “ہر دل تک قرآن، دورۂ قرآن” ملک بھر میں 8 ہزار سے زائد مقامات پر جاری ہے، جہاں ہزاروں خواتین روزانہ دو گھنٹے ترجمہ و تفسیر کے ساتھ قرآنِ کریم سے استفادہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان قرآن کا مہینہ ہے، لہٰذا روزوں اور نوافل کے ساتھ قرآنِ کریم کی تلاوت، ترجمہ اور تفکر کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا جائے تاکہ اس ماہ کی برکتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں معرضِ وجود میں آیا، اس لیے رمضان کی رحمتوں میں وطنِ عزیز کی سلامتی، امن و استحکام، دشمن کی چالوں کی ناکامی اور اسلامی نظام کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں اور استغفار کو معمول بنایا جائے۔اہلِ فلسطین اور کشمیر کے عوام کے صبر و استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں فلسطین اور کشمیری مسلمانوں کی زیادہ سے زیادہ حمایت اور مدد کرنا ہمارا دینی و اخلاقی فریضہ ہے۔ ہمیں ان مظلوم مسلمانوں کو اپنی دعاؤں اور انفاق میں ضرور شامل رکھنا چاہیے جو اپنی آزادی اور حقوق کے لیے ظلم و ستم برداشت کر رہے ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام کی تعلیمات پر عمل کی توفیق عطا فرمائے اور اس ماہِ مبارک کی برکت سے وطنِ عزیز اور امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل میں ہماری مددفرمائے
رمضان المبارک قرآن، تزکیۂ نفس اور خیرات و حسنات کا موسم بہار ہے ` ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
حمیرا طارق
