کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) آئین کی بالادستی، جمہور کی حکمرانی،عمران خان اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی، عوام کے مینڈیٹ کی واپسی، پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ بنانے، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن،مسلط نام نہاد حکومت اور جعلی پارلیمنٹ سے غیر آئینی،غیر قانونی، غیر جمہوری ترامیم وقوانین کو مسترد کرنے کے لیے تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے 8فروری2026 کو ملک گیر احتجاج میں صوبے کے تمام جمہوریت پسند، غیور وباشعور اور عوام ہڑتال کی کامیابی میں اپنا مثبت وتعمیری کردار ادا کرے اور تمام تاجر، ٹرانسپورٹرز، زمینداروں، وکلاء، انجینئرز، ڈاکٹرز زندگی کے تمام مکتبہ کے عوام ہڑتال کو کامیاب بنا کر مسلط نام نہاد حکومت کے خلاف گھروں، دکانوں، دفتر وں پر سیاہ جھنڈے لہرائیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالا، مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی سینئر نائب صدر سید شراف آغا، صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی، صوبائی ایگزیکٹیوز گل خلجی، اقبال بٹے زئی، حفیظ ترین، ضلع سینئر معاون سیکرٹری جمشید دوتانی،تحصیل صدر سیکرٹری نعیم پیر علیزئی، سینئر معاون سیکرٹری راحت بازئی، سریاب تحصیل سینئر معاون سیکرٹری سید عبدالخالق آغاو دیگر ضلعی اور تحصیل رہنماؤں نے 8فروری کے ہڑتال کی کامیابی کے سلسلے میں پشتونخواملی عوامی پارٹی تحصیل سریاب کمیٹی اور صدر تحصیل سے مربوط علاقائی یونٹوں کے مشترکہ اجلاسوں اور ترین شار علاقائی کمیٹی اجلاس سے علیحدہ علیحدہ خطاب کرتے ہوئے کیا۔تحصیل صدر سے مربوط 11علاقائی یونٹ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت عبدالرؤف لالا نے کی۔ تحصیل سریاب کمیٹی اجلاس کی صدارت مجید خا ن اچکزئی نے کی۔ مقررین نے پارٹی کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کوئٹہ سمیت جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع میں ہڑتال کی کامیابی کارکنوں کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں اور اس میں کسی بھی قسم کی غفلت اور سستی کی گنجائش نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ 8فروری 2024کو جس بھونڈنے انداز میں عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالا گیا اور اس کے نتیجے میں جعلی نمائندوں کو مسلط کرکے عوام پر تاریکی، جہالت، غربت، بیروزگاری، پسماندگی، بدامنی، لاقانونیت مسلط کی گئی۔ سیاسی عدم استحکام پروان چڑھا اورغیر جمہوری، غیر آئینی ترامیم وقوانین کے ذریعے پارلیمنٹ کی بے توقیری کی گئی۔ جس سے نہ صرف ملک عالمی طور پر تنہائی سے دوچار ہوابلکہ ملک اپنے تاریخ کے بدترین بحرانوں میں پھنس چکا ہے۔ اس سے نجات کی واحد راہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے سیاستدانوں،ججز، جرنلسٹ، جرنیل، ماہرین اقتصادیات اور تمام سٹیک ہولڈرز پر مبنی گول میز کانفرنس کی تجویز دی جس میں بیٹھ کر ملک کے بحرانوں سے نجات کی راہ نکالی جاسکے اور ملک کو ترقی وخوشحالی کی جانب گامزن کیا جاسکے اور یہی ملک کی بقاء کی راہ ہے جس پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔
عوام8فروری کی ہڑتال کو کامیاب بنا کر مسلط نام نہاد حکومت کے خلاف گھروں، دکانوں، دفتر وں پر سیاہ جھنڈے لہرائیں عبدالرؤف لالا، عبدالرحیم زیارتوال

ٹیگز:
عبدالرحیم زیارتوال
