کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی جنرل کونسل کے رکن ٹکری محمد جان لانگو نے کلی اسماعیل اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بالخصوص رات کے وقت غیر اعلانیہ اور طویل بجلی کی لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام آئے روز اس اذیت ناک صورتحال سے تنگ آچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شدید سردی کے موسم میں رات کے اوقات میں بجلی کی بندش عوام کے لیے ناقابلِ برداشت بن چکی ہے جس سے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ گیسکو اور ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ٹکری محمد جان لانگو نے گیسکو حکام اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کریں اور عوام کو اس عذاب سے نجات دلائیں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بجلی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ فوری حل نہ کیا گیا تو وہ جمعیت علمائے اسلام کی صوبائی و ضلعی قیادت سے مشاورت کے بعد ہر فورم پر احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جمعیت علمائے اسلام مظلوم عوام کے ساتھ ہر فورم پر کھڑی ہے۔
کلی اسماعیل میں غیر اعلانیہ اور طویل بجلی کی لوڈشیڈنگ، عوام شدید مشکلات کا شکارہیں ٗ ٹکری محمدجان لانگو

ٹیگز:
کلی اسماعیل
