کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری اطلاعات بلوچستان عمران خان کی زیر صدارت محکمہ تعلقاتِ عامہ (پبلک ریلیشنز) کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد نور کھیتران، محکمہ اطلاعات کے سینئر افسران اور متعلقہ شعبہ جات کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے آغاز میں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد نور کھیتران نے محکمہ تعلقاتِ عامہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی، جس میں گزشتہ ایک سال کے دوران صوبائی حکومت کی پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی اسکیموں اور گورننس سے متعلق اقدامات کی تشہیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔رپورٹ میں پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور ڈیجیٹل و سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام تک معلومات کی فراہمی، میڈیا کوریج، سرکاری تشہیری مہمات اور محکمانہ اصلاحات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات بلوچستان عمران خان نے محکمہ تعلقاتِ عامہ کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دوسالوں سے محکمے کی مجموعی کارکدگی بہتر ہوئی ہے بالخصوص سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر حکومتی تشہیر میں نمایاں اضافہ دیلھنے میں آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام اور حکومت کے درمیان مؤثر رابطہ قائم رکھنا محکمہ اطلاعات کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے زور دیا کہ صوبائی حکومت کی پالیسیوں، ترقیاتی اسکیموں اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت، درست اور مؤثر تشہیر کو مزید بہتر اور مربوط بنایا جائے تاکہ عوام کو حکومتی اقدامات سے آگاہی حاصل ہو اور شفافیت کو فروغ ملے۔سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ بدلتے ہوئے حالات اور جدید دور کے تقاضوں کے پیش نظر روایتی ذرائع ابلاغ کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کی اہمیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ محکمہ تعلقاتِ عامہ جدید ٹیکنالوجی اور جدید ابلاغی ذرائع کو بھرپور انداز میں استعمال کرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سوشل میڈیا کے ذریعے حکومتی اقدامات کی مثبت اور مؤثر تشہیر کو مزید وسعت دی جائے تاکہ نوجوان نسل سمیت تمام طبقات تک رسائی ممکن ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق صوبے کے مختلف محکموں میں ری اسٹرکچرنگ کا جامع عمل جاری ہے، جس کا مقصد ادارہ جاتی اصلاحات، کارکردگی میں بہتری اور عوامی خدمات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ اس ضمن میں سروس رولز میں بہتری، سروس ڈیلیوری کو مؤثر بنانا، غیر ضروری اور غیر فعال اسامیوں کا خاتمہ، نئے تقاضوں سے ہم آہنگ آسامیوں کا قیام، ری ڈیزگنیشن اور افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔سیکرٹری اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ تعلقاتِ عامہ کے افسران اور عملہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کریں، جدید میڈیا ٹولز سے استفادہ کریں اور حکومتی ترجیحات کے مطابق اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر تشہیر نہ صرف حکومتی اقدامات کو اجاگر کرتی ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی مضبوط بناتی ہے۔اجلاس کے اختتام پر مختلف تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ تعلقاتِ عامہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مربوط حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی، جبکہ آئندہ بھی باقاعدگی سے ایسے جائزہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے تاکہ حکومتی پالیسیوں اور عوامی فلاحی منصوبوں کی تشہیر کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
دوسالوں سے محکمے کی مجموعی کارکردگی بہتر ہوئی ہے بالخصوص سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر حکومتی تشہیر میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، سیکرٹری اطلاعات بلوچستان عمران خان

ٹیگز:
عمران خان
