کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے جمعرات کے روز بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے تربت میں ملاقات کی فوکل پرسن ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ کے مطابق ملاقات کے دوران کمیشن کی ٹیم نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے مینڈیٹ، مقاصد اور جاری اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا، جن کا مقصد صوبے بھر میں صحت کے معیار کو بہتر بنانا اور ہر قسم کی عطائیت (Quackery) کا خاتمہ ہے۔بریفنگ کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن صوبے میں محفوظ، معیاری اور جوابدہ طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک مثر ریگولیٹری کردار ادا کر رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر صحت کی خدمات میسر آ سکیں۔اس موقع پر سابق وزیر اعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی کارکردگی اور صحت کے شعبے میں ضابطہ کاری کے اقدامات کو سراہا اور بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ٹیم کو تربت آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے صوبے میں صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے علاقائی سطح پر بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی موجودگی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور تجویز دی کہ دیگر صوبوں کی طرز پر ڈویژنل سطح پر دفاتر قائم کیے جائیں، تاکہ مختلف علاقوں میں صحت سے متعلق ضابطہ کاری زیادہ مثر، قابلِ رسائی اور بروقت ہو سکے۔بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صوبے بھر میں صحت کے نظام کی بہتری، مؤثر نگرانی اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اہم اسٹیک ہولڈرز اور رہنماؤں کے ساتھ مشاورت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹرمالک بلوچ سے بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے وفد کی ملاقات

ٹیگز:
مالک بلوچ
