تربت(ڈیلی گرین گوادر) یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن سے تربت یونیورسٹی میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران دونوں جامعات کے سربراہان نے مکران ریجن سمیت پورے بلوچستان میں اعلی تعلیم کے فروغ اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔اس موقع پر خصوصا مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل اسکلز اور عصری تقاضوں کے مطابق نصاب اور تدریسی طریقہ کار میں جدت لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وائس چانسلرز نے طلبہ و طالبات کے بہتر مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ ملک و صوبے کی سماجی و معاشی ترقی میں موثر کردار ادا کرسکیں۔اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ گوادر یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کو سائنسی علوم میں عملی تربیت کے لیے تربت یونیورسٹی کی لیبارٹریوں سے استفادہ کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں جامعات باہمی تعاون کے ذریعے معیاری تحقیق، تربیت، نصابی وغیر نصابی سرگرمیوں اور شعبہ نشر و اشاعت میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ملاقات کے دوران گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے اپنی تصنیف کردہ کتابیں تربت یونیورسٹی کی لائبریریوں کے لیے بطور تحفہ پیش کیا۔ملاقات میں یونیورسٹی آف تربت کے رجسٹرار گنگزار بلوچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد، وائس چانسلر تربت یونیورسٹی کے پرنسپل اسٹاف آفیسر میر باہڑ بلوچ اور وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی کے پرنسپل اسٹاف آفیسر ڈاکٹرمحمد ارشاد بلیدی بھی موجود تھے۔
تربت اور گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کااے آئی کی تعلیم،تدریسی نصاب میں جدت لانی اور معیاری تحقیق کے فروغ پر زور

