کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری سے جمعیت علماء اسلام کے رہنماء اور بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی، سماجی اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کو درپیش چیلنجز، عوامی مسائل اور ترقیاتی ضروریات پر سیر حاصل گفتگو کی اور ضلع خضدار اور جھالاوان کے علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، بلدیاتی نظام کی بہتری، دیہی ترقی، تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور سڑکوں کے منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے، جبکہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنا کر نچلی سطح تک اختیارات اور وسائل کی منتقلی پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خضدار اور جھالاوان میں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا حکومت کا عزم ہے قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اختلافِ رائے کے باوجود عوامی مفاد کے معاملات پر مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان بالخصوص خضدار اور جھالاوان کی ترقی، امن و استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا اور مثبت سیاسی کردار کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے، نوابزادہ امیر حمزہ زہری

ٹیگز:
نوابزادہ امیر حمزہ زہری
