تحریر۔رزاق خان لودین
بلوچستان کی سرزمین نے صدیوں سے ایسے لوگ جنم دیے ہیں جن کی پیشانی پر وقار، دل میں محبت، اور عمل میں اخلاص کی روشنی جھلکتی ہے۔انہی روشن دل انسانوں میں ایک نام ایسا بھی تھا جو پْر وقار بھی تھا، معتبر بھی اور دردِ دل کا امین بھی۔حاجی محمد اسماعیل لودین 1944ء کی ٹھنڈی فضا میں، سرکی کلاں کے ایک سادہ سے گھر میں پیدا ہونے والا یہ بچہ آگے چل کر ہزاروں دلوں کا سہارا بنے گا، شاید اس وقت کسی کو خبر نہ تھی۔ مگر وقت نے ثابت کیا کہ کچھ لوگ صرف پیدا نہیں ہوتے۔ وہ مقصد لے کر آتے ہیں۔حاجی اسماعیل لودین مرحوم کی آنکھوں میں ہمیشہ ایک اداسی چھپی رہتی تھی۔وہ اداسی قبائلی جھگڑوں، بے وجہ نفرتوں اور نسلوں کو کھانے والے تنازعات کی تھی۔وہ اکثر گہری سانس لے کر کہا کرتے تھے کہ“بلوچستان کی ترقی کی راہ تب کھلے گی جب دلوں کے زخم بھر جائیں گے، اور لوگوں میں اتحاد کا چراغ روشن ہوگا۔”وہ اسی چراغ کے مسافر تھے۔جس محفل میں بیٹھتے، وہاں اختلافات گھلنے لگتے، اور دل نرم پڑنے لگتے۔جرگے کی صفوں میں جب کبھی بات سخت موڑ پکڑتی، تو ان کی نرم آواز حالات کا رخ بدل دیتی تھی۔وہ دشمنوں کو بھی بٹھا کر شیر و شکر کرنے کا ہنر رکھتے تھے۔وہ انسانوں کو خون کے رنگ میں نہیں، بلکہ انسانیت کے رنگ میں دیکھتے تھے۔عوامی خدمت ان کا اوڑھنا بچھونا تھا،کوئٹہ کی گلیاں گواہ ہیں کہ انہوں نے کبھی کمزوروں غریبوں یتیموں اور مصیبت زدہ لوگوں کی مدد سے کبھی انکار نہیں کیا اور نہ ہی کبھی مایوس کیا پشتون جرگوں اور بلوچی میڑھ میں بھر پور حصہ لیتے حاجی صاحب کے فیصلوں کو دل وجان سے قبول کرتے ہوئے کئی مرتبہ دو ناراض قبائل کو شیر وشکر کیا وہ لودین قبیلے کے سرپرست اعلیٰ بھی ہے آپ انسانیت کے بڑے علمدار تھے انسان کے ہاتھوں انسان کے استحصال کے سخت خلاف تھے ہر قسم کے تعصب سے بالا تر انسانیت کی خدمت کیلئے تیار رہتے تھے بلکہ انسانیت کی بقاء کو اپنی زندگی کا نصب العین سمجھتے تھے یہی وجہ ہے کہ وہ آج بھی ہمارے دلوں اور خیالوں میں ہمارے ساتھ ہم سفر ہوتے ہیں ایسے ہی لوگو ں کی زندگی اور جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ ہوتی ہے۔
حاجی محمد اسماعیل لودین کئی مرتبہ بھاری اکثریت سے سرکی کلاں سے کونسلر اور چیئرمین منتخب بھی ہوئے ہیں سرکی کلاں اور گردو نواح میں کئی سالوں تک اسٹریٹ لائٹس پینے کیلئے صاف وشفاف پانی پکی سڑکیں بہترین اور صاف سیوریج سسٹم امن وامان اور علاقائی ترقی میں ان کی خدمت ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھے جائیں گے عوامی سطح پر لوگ ابھی تک ان کی محبت وشفقت کو نہیں بھولے آج بھی اکثرفیصلوں میں انکی دانشمندانہ گفتگو کی مثالیں پیش کرتے ہیں حاجی صاحب اکثر کہا کرتے تھے کہ“دنیا میں انسانوں کی دو قسمیں ہیں —ایک وہ جو صرف اپنی ذات تک محدود رہتے ہیں،اور دوسرے وہ جو خود سے باہر نکل کر دوسروں کیلئے جیتے ہیں۔”حاجی اسماعیل لودین انہی دوسری قسم کے انسانوں کا روشن مینار تھے۔ وہ بلوچستان کے روایتی جرگوں کا وقار اور روایات کا محافظ تھے۔بلوچ اور پشتون دونوں روایات میں جرگہ ایک مقدس امانت ہے۔اور اس امانت کے سب سے موزوں امین وہی لوگ ہوتے ہیں جن کے کردار میں سچائی، انصاف اور وقار شامل ہو۔حاجی اسماعیل لودین جب جرگے میں بیٹھتے تو دونوں فریقین کے دلوں کی مرمت چاہتے۔ان کے فیصلوں میں نہ زور تھا نہ جبر،بس محبت کی دلیل تھی، انصاف کی خوشبو تھی، اور روایات کا وقار تھا۔اسی لئے آج بھی اکابرین ان کا نام احترام سے لیتے ہیں،کیونکہ ہر فیصلہ ایک مثال تھا اور ہر مثال ایک درس،ان کے جانے سے پورے کوئٹہ اور اطراف کے علاقوں میں ایک عجیب سی ویرانی چھوڑ دی۔جیسے کسی بڑے درخت کا سایہ اچانک اٹھ جائے،یا کسی بستی کا چراغ بجھ جائے۔لوگ کہتے ہیں:“حاجی صاحب نہ صرف ایک شخص تھے،بلکہ ایک سکون تھے۔”ان کی رحلت نے ایک ایسا خلا چھوڑ دیا ہے جو شاید آنے والی کئی نسلوں تک پورا نہ ہو سکے گا۔ایسے لوگ مرتے نہیں۔وہ قصوں میں زندہ رہتے ہیں،لوگوں کی دعاؤں میں،قبائل کے فیصلوں میں اور دعاؤں میں شامل رہتے ہیں اور اس خاک کی خوشبو میں جس کیلئے وہ جیتے رہے۔حاجی محمد اسماعیل لودین ایک فرد نہیں تھے وہ ایک فلسفہ تھے:امن کا، محبت کا، اتحاد کا، اور خدمت کا۔اور ایسے لوگ تاریخ کے اوراق میں نہیں،دلوں کی دھڑکنوں میں محفوظ رہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انکے درجات بلند فرمائیں (آمین)۔
حاجی محمد اسماعیل لودین،امن کا چراغ

ٹیگز:
محمد اسماعیل
