کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر انجینئر ضیاء الرحمن نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر اسلامی ترامیم پاکستان کی نظریاتی اور آئینی اساس پر کاری ضرب ہیں۔ قرآن و سنت کے خلاف کسی بھی قسم کی قانون سازی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور اس معاملے پر ملک بھر کے دینی مکاتبِ فکر ایک آواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے نشے میں دھت مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی آئین کے ساتھ جس طرح کھلواڑ کر رہی ہیں، اسے تاریخ اور آئندہ نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ نظریاتی سیاست کی ہے اور یہ جماعت ملک کی اسلامی شناخت کی ایک عظیم علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز کالم نگار اور جمعیت علماء اسلام کے مرکزی کنٹینٹ رائٹر عبد الغنی شہزاد کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انجینئر ضیاء الرحمن گزشتہ روز عبد الغنی شہزاد کی عیادت کے لیے تشریف لائے، ان کی جماعتی، علمی اور صحافتی خدمات کو سراہا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر رکنِ صوبائی اسمبلی سید آغا ظفر، آغا فضل الرحمن شاہ، خالد ولید سیفی، راحت اللہ مروت، سید آغا فیصل، قاضی محمد ہاشم گوہری، عبدالصمد پرکانی، عارف سعید، محمد نعمان خان، یوسف لالا بڑیچ، عبدالباری بڑیچ، شاہنواز ترین، علی حسن بڑیچ، تسنیم احمد اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ عبد الغنی شہزاد نے انجینئر ضیاء الرحمن کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں تاریخی کتب بطورِ تحفہ پیش کیں، جنہیں معزز مہمان نے خوش دلی کے ساتھ قبول کیا۔
غیر اسلامی ترامیم پاکستان کی نظریاتی اور آئینی اساس پر کاری ضرب ہیں، انجینئر ضیاء الرحمن

ٹیگز:
ضیاء الرحمن
