دالبندین (ڈیلی گرین گوادر)سابقہ چیئرمین سینیٹ اور ایم پی اے چاغی حاجی محمد صادق سنجرانی سے یار محمد زئی ہاؤس دالبندین میں مختلف عوامی اور سماجی وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین خان عبدالودود خان سنجرانی، ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین میر اسفندیار خان یار محمد زئی اور دیگر معتبر شخصیات بھی موجود تھیں۔مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ وہ عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق علاقے کا امن، ترقی اور خوشحالی ان کی سیاست کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چاغی صوبے بھر میں امن و امان کے حوالے سے ایک مثالی ضلع رہا ہے، جس میں عوام، قبائل، انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کا اہم کردار ہے۔ اس امن کو برقرار رکھنے کے لیے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ روزگار کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے، کیونکہ روزگار سے ہی خوشحالی آتی ہے، اور یہ سب امن و امان سے جڑا ہوا ہے۔ تعلیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کئی اسکولز کو اپ گریڈ کیا گیا اور آئندہ بجٹ میں مزید اسکولز اپ گریڈ کیے جائیں گے تاکہ شرحِ خواندگی میں اضافہ ہو۔حاجی محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دالبندین، یک مچ اور چاغی میں آبنوشی اسکیموں کی جلد تکمیل اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے بجلی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ دالبندین میں ٹرانسفارمرز کی مرمت کے لیے ایک ورکشاپ قائم کی جا رہی ہے تاکہ کوئٹہ لے جانے میں وقت ضائع نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں سڑکوں کی تعمیر، جنگلات، زراعت، لائیو اسٹاک اور دیگر شعبوں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں
عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، حاجی محمد صادق سنجرانی

ٹیگز:
صادق سنجرانی
