کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان محمد حمزہ شفقات اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی بلوچستان اعتزاز گورایہ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور رواں سال صوبے بھر میں 78 ہزار سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے ہیں، جن کے نتیجے میں 707 دہشت گردوں کو ہلاک یا گرفتار کیا گیا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت، پولیس، سی ٹی ڈی، ایف سی اور دیگر سیکیورٹی ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کی اس جدوجہد میں رواں سال سیکیورٹی فورسز کے 202 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس تھانوں کی حفاظت اور بہتری کے لیے صوبے بھر میں فورٹیفکیشن کا عمل جاری ہے جس کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، تاکہ دہشت گرد حملوں کے خطرات کو کم کیا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔محمد حمزہ شفقات نے کہا کہ خاران میں ایس ایچ او سٹی قاسم بلوچ کے قتل میں ملوث تین دہشت گردوں کو کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا گیا ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کالعدم تنظیموں کو فارن ٹیررسٹ آرگنائزیشن قرار دیا جانا دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی تائید ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے انکشاف کیا کہ بیرون ملک بیٹھ کر دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور معاونت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے خصوصی ریڈ نوٹس سیل قائم کر دیا گیا ہے، تاکہ بین الاقوامی سطح پر ان عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جا سکے۔
بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے،حمزہ شفقات، اعتزاز گورایہ

ٹیگز:
حمزہ شفقات
