اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کو تبدیل کرنے کی افواہیں بے بنیاد ہیں ، بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے صوبائی اتحادی حکومت اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گی۔اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم خان کھوسہ بھی موجود تھے۔ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی، سماجی اور ترقیاتی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے وزیرِ اعلیٰ کو تبدیل کرنے سے متعلق زیرِ گردش خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے صوبائی اتحادی حکومت اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے، اس لیے صوبے میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبے نہایت خوش آئند ہیں۔ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود، صوبے کو درپیش مسائل اور وفاقی تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان کے لیے ہر سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط رابطے عوامی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی کی پارلیمانی خدمات اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سرفراز احمد بگٹی کو تبدیل کرنے کی افواہیں بے بنیاد ہیں ،سردار ایاز صادق

ٹیگز:
ایاز صادق
