کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجز سے دوچار ہے، اور ایسے نازک وقت میں ملک کو تصادم نہیں بلکہ مفاہمت، تحمل اور تعاون کی سیاست کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرنے ہوں گے۔پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی کا مقصد ملک میں تعمیرِ وطن پر مبنی سیاست کو فروغ دینا ہے، جو محاذ آرائی کے بجائے قومی یکجہتی، سماجی انصاف اور ترقی کے اصولوں پر استوار ہو۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں اختلافِ رائے کو دشمنی میں بدل دیا گیا، جس کے باعث قومی اداروں، معیشت اور عوام کا اعتماد متاثر ہوا۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب ماضی کی تلخیاں بھلا کر ایک نئی سوچ اور نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ملک بھر کے نوجوانوں، مزدوروں، طلبہ اور خواتین کو سیاست کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا چاہتی ہے تاکہ حقیقی جمہوریت اور عوامی شراکت داری کو فروغ ملے۔ عوام پاکستان پارٹی ملک میں تعلیم، صحت، روزگار اور امن کے فروغ کے لیے عملی پروگرام رکھتی ہے اور آنے والے دنوں میں تنظیمی سطح پر مختلف اضلاع میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ مفاہمت کی سیاست سے نہ صرف سیاسی استحکام آئے گا بلکہ سرمایہ کاری اور ترقی کے دروازے بھی کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی تمام قومی اداروں کے استحکام، قانون کی بالادستی اور عوامی خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
پاکستان کو تصادم نہیں، مفاہمت کی سیاست کی ضرورت ہے،پروفیسر حلیم صادق

ٹیگز:
حلیم صادق
