کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیب بلوچستان نے لیڈرز اوڈیسی سکول اینڈ کالج میں “بدعنوانی کے خاتمے میں طلبا کے کردار اور نیب کے کام کا طریقہ کار” کے موضوع پر ایک آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا۔ لیکچر کا مقصد نوجوانوں بالخصوص طلبا کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا تھا۔اس موقع پر نیب کے افسران، عمران مجید ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب کی قیادت میں، طلبا اور فیکلٹی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بدعنوانی کی اقسام، اسلامی تعلیمات میں دیانتداری اور خود احتسابی کے اصول، اور معاشرتی کردار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ افسران نے طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگی میں ایمانداری، احتساب اور بدعنوانی سے نفرت کو اپنا نصب العین بنائیں۔مقررین نے کہا کہ اقربا پروری، رشوت، سفارش اور جانبداری کرپشن کی عام مثالیں ہیں جو معاشرے میں خطرناک رویے پیدا کر رہی ہیں، اور طلبا کی اجتماعی کوششیں بدعنوانی سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔اس موقع پر لیڈرز اوڈیسی سکول اینڈ کالج کی وائس پرنسپل مس فریحہ نے نیب بلوچستان کی کوششوں کو سراہا اور انسداد بدعنوانی کی مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ لیکچر کے اختتام پر نیب کی جانب سے وائس پرنسپل کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
نیب بلوچستان کی جانب سے طلبا کے لیے “کرپشن کے خاتمے میں کردار” پر آگاہی لیکچر

ٹیگز:
نیب
