کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، ضلع معاون سیکریٹری امین اللہ کاکڑ، ہدایت اللہ اور دیگر عہدیداران نے مشرقی بائی پاس کاکوزئی ٹان میں حاجی سردار شاہ کے گھر پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔گزشتہ روز گیس کمپنی کی غفلت اور اچانک گیس لوڈشیڈنگ کے باعث پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق اور متعدد جھلس کر زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوں میں بی بی پلوشہ (سات ماہ کی حاملہ)، عبدالطیف (9 سال)، بی بی کائنات (6 سال)، بی بی زہرہ (5 سال) اور بی بی حسینہ (2 سال) شامل ہیں۔ جبکہ بی بی صائمہ (11 سال)، بی بی اقرا (3 سال) اور بی بی حافظہ (1 سال) شدید زخمی حالت میں سول اسپتال کوئٹہ میں زیرِ علاج ہیں۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واقعے کو گیس کمپنی کی سنگین غفلت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے، متاثرہ خاندان کو مالی امداد فراہم کرے اور گیس فراہمی کے نظام میں شفاف اصلاحات لائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔
گیس کمپنی کی غفلت سے المناک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ٹیگز:
گیس
