سوراب(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی مشیر، محسن سوراب نوابزادہ میر نعمت اللہ خان زہری نے سیشن ڈویژن سوراب کی قلات منتقلی کے فیصلے کو عوام دشمن اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام سوراب کے عوام کے ساتھ سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ سوراب کے عوام پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، اب عدالتی نظام کو ان سے چھین کر ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قلات منتقلی کا فیصلہ عوامی مشاورت کے بغیر اور زمینی حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے کیا گیا، جو ایک غیر سنجیدہ اقدام ہے۔ محسن سوراب نے خبردار کیا کہ اگر یہ فیصلہ فوری طور پر واپس نہ لیا گیا تو وہ عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک شروع کریں گے اور اس کے نتائج کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کا مسئلہ صرف سوراب تک محدود نہیں بلکہ پورے بلوچستان میں موجود ہے، اس بنیاد پر سیشن ڈویژن کو دوسرے ضلع منتقل کرنا غیر منطقی اور ناقابلِ قبول ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قلات کی صورتحال بھی کسی طرح بہتر نہیں، لہذا اس فیصلے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔میر نعمت اللہ خان زہری نے مطالبہ کیا کہ اس غیر منصفانہ فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور سوراب کے عوام کو ان کا آئینی و قانونی حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سوراب کے عوام اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے اور کسی کو ان کے حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
سیشن ڈویژن سوراب کی قلات منتقلی عوام کے ساتھ زیادتی ہے، میر نعمت اللہ خان زہری

ٹیگز:
نعمت اللہ
