کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے میرپور ماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکرٹری طفیل رند کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حملے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔ صدر بی یوجے خلیل احمد اور جنرل سیکرٹری، عبد الغنی کاکڑ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ طفیل رند ایک باہمت صحافی تھے جنہیں پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کی راہ میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ محض ایک فرد کا قتل نہیں، بلکہ آزادی صحافت پرایک براہ راست حملہ ہے اور یہ واقعہ ملک میں صحافیوں کی جانوں کو درپیش سنگین خطرات کی نشاندہی کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں پر بڑھتے ہوئے حملوں سے واضح ہوتا ہے کہ ملک میں آزادی اظہاررائے کو دبانے کی کوششیں تیز ہو چکی ہیں،جنہیں روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔ بیان میں سندھ حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ طفیل رند کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
طفیل رند کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ٗ عبدالغنی کاکڑ

ٹیگز:
طفیل رند
