واشنگٹن (ڈیلی گرین گوادر) موقر امریکی جریدے بلوم برگ نے کہا ہے کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جس کے دیوالیہ ہونے کے خدشات میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے اور پاکستان کی کارکردگی دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں دوسرے نمبر پر ہے۔سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان ( اے پی پی ) کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوم برگ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اُن چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے دیوالیہ ہونے کے خدشات میں سب سے بڑی کمی دکھائی ہے۔بلومبرگ کے مطابق پاکستان کی کارکردگی دنیا بھر کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں دوسرے نمبر پر رہی ہے،صرف ترکیہ پاکستان سے آگے ہے۔گزشتہ 15 مہینوں (جون 2024 سے ستمبر 2025 تک) میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے امکانات میں 2200 پوائنٹس کی نمایاں بہتری آئی۔ یہ پاکستان کی پائیدار معاشی بہتری کا ثبوت ہے کیونکہ ملک وہ واحد معیشت ہے جس نے ہر سہ ماہی میں مسلسل بہتری دکھائی ہے۔اس کے برعکس جنوبی افریقہ، ایل سلواڈور اور دیگر ممالک میں بہتری بہت کم رہی جبکہ مصر، نائیجیریا اور ارجنٹائن جیسے ممالک میں خطرات مزید بڑھے ہیں۔یہ بہتری اس بات کی علامت ہے کہ سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
پاکستان کی کارکردگی دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں دوسرے نمبر پر ہے : بلوم برگ

ٹیگز:
بلوم برگ
