کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے شہری و سکیورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد کے جاں بحق اور 33 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ دھماکہ منگل کی صبح خجک روڈ پر ہوا جس نے پورے شہر کو لرزا دیا۔وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے سول ہسپتال میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں دو ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ ہلاک ہونے والے دیگر زیادہ تر شہری ہیں۔ ان کے مطابق 10 میں سے 5 افراد دھماکے کی جگہ پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 5 زخمی بعد ازاں ہسپتال میں دورانِ علاج شہید ہوگئے۔لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ اور کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کردیا گیا، جہاں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ وزیر صحت اور سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن نے سول اسپتال، بی ایم سی اسپتال اور ٹراما سینٹر کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ محکمہ صحت کے مطابق تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، فارماسسٹس، اسٹاف نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہسپتالوں میں فوری طلب کرلیا گیا تھا تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی سہولت فراہم کی جاسکے۔سول اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ زخمیوں کا علاج ٹراما سینٹر میں جاری ہے اور کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں بچانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وزیر صحت نے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “بلوچستان حکومت اس سانحے پر دکھی ہے، لیکن ہمارے ڈاکٹرز اور عملہ دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔”
کوئٹہ خودکش دھماکے میں 10 افراد جاں بحق، 33 زخمی، وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی تصدیق ` 5 افراد موقع پر جاں بحق، 5 دوران علاج دم توڑ گئے، فوری طبی سہولیات فراہم کر دی گئیں,وزیر صحت بخت محمد کاکڑ

ٹیگز:
کوئٹہ
