مستونگ :مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں واقع کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد نے معدنیات لے جانے والے دو ٹرکوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں ٹرکوں کے ٹائر برسٹ ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد نے ٹرک ڈرائیوروں کو سخت دھمکیاں دیں کہ وہ معدنیات کی ترسیل فوری طور پر بند کریں ورنہ سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا اور ڈرائیوروں و ٹرانسپورٹرز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔ پولیس ترجمان کے مطابق قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز حالات پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں۔علاقہ مکینوں اور ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی شاہراہوں پر سیکیورٹی کے انتظامات سخت کیے جائیں اور معدنیات کی ترسیل کرنے والوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔
مستونگ ،معدنیات لے جانے والے ٹرکوں پر مسلح افراد کی فائرنگ

