کوئٹہ(یو این اے )پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں زیارت کے علاقے منہ اور سسنک کے درمیان پارٹی کارکنوں پر ہونے والے مسلح حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں پارٹی کے سرگرم رکن منیر احمد خان شہید جبکہ محمد علی شدید زخمی ہوگئے۔بیان میں کہا گیا کہ شہید منیر احمد خان کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری فیاض صاحب، مرکزی کمیٹی کے رکن وزیر خان، علما کرام، قبائلی عمائدین، پارٹی کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت، ریاستی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں نے پرامن ضلع زیارت کو بھی دہشت گردوں اور مسلح جتھوں کا گڑھ بنانے کی راہ ہموار کردی ہے۔ واضح مثال گزشتہ دس دنوں سے جاری کرفیو ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ شام کے وقت منہ اور کلی سسنک کے درمیان پارٹی کارکنوں پر اندھا دھند فائرنگ کرکے دہشت گردوں نے شہید منیر احمد خان کو زندگی سے محروم جبکہ محمد علی کو معذور کردیا۔ پارٹی نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فی الفور گرفتار کرکے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔دریں اثنا پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اول فقیر خوشحال کاسی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز رحمت اللہ صابر، ندا سنگر اور دیگر رہنماں نے ہسپتال جا کر زخمی کارکن محمد علی کی عیادت کی۔
زیارت،پشتونخوا نیپ کے کارکنوں پر مسلح افراد کی فائرنگ ، ایک جاں بحق ،دوسرا زخمی

