حب:حب، گڈانی، وندر، دریجی اور گردونواح میں گزشتہ روز سے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔ شدید بارشوں کے بعد حب میں گرمی کی شدت میں کمی ضرور آئی، تاہم شہریوں کو بجلی کی مسلسل معطلی اور ڈیٹا سروس بند ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے باعث حب شہر میں سیوریج کا نظام مکمل طور پر ناکام ہوگیا، بارش اور گندے پانی کے باعث گلی محلوں نے سیلاب کا منظر پیش کر دیا جبکہ کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی انتظامیہ نے کوئی پیشگی اقدامات نہیں کیے۔بجلی معطل ہونے کے ساتھ ساتھ ڈیٹا اور لینڈ لائن سروسز بھی بند ہوگئیں، جس کی وجہ سے صحافیوں، کاروباری حضرات اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ شہریوں نے حکومت اور انتظامیہ سے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی مشکلات پر قابو پایا جا سکے۔
حب، گڈانی اور وندر میں موسلادھار بارشوں سے نظام زندگی مفلوج

