حب:بلوچستان کے صنعتی شہر حب چوکی میں افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ ساکران روڈ پر حسن پیر سسی پنوں کراس کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 30 سالہ یاسین ولد نامعلوم اور 22 سالہ بلاول ولد جمن کے نام سے ہوئی ہے۔ ایدھی رضاکاروں نے لاشوں کو حب سول اسپتال منتقل کر دیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ مقامی شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ساکران روڈ پر ہیوی ٹریفک کی سخت نگرانی کی جائے اور غفلت کے مرتکب ڈرائیور کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
حب میں ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دو نوجوان جاں بحق

