پشین ،کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کا حل صرف دیانتدار اور قوم سے مخلص قیادت ہے۔ بارڈر بندش، جبری گمشدگیاں، ساحل پر ٹرالر مافیا، بدعنوانی اور بے روزگاری جیسے مسائل کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے۔ وہ پشین اور کوئٹہ میں وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان بدترین سیاسی و معاشی بحران کا شکار ہے جس کی وجہ حکمرانوں کی نااہلی، کرپشن اور عوامی قیادت کا فقدان ہے۔ ایسی صورتحال میں جماعت اسلامی کے کارکنان پر ذمہ داری ہے کہ وہ عوام تک پہنچیں اور انہیں باور کرائیں کہ مسائل کا حل صرف اجتماعی جدوجہد اور صالح قیادت کی حمایت میں ہے۔مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ ماضی کے تمام حکمران آزما لیے گئے اور ناکام ثابت ہوئے، اب جماعت اسلامی بہترین کارکردگی، دینی و پارلیمانی خدمات اور دیانت دار قیادت کے ساتھ میدان میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک قرآن و سنت کے نفاذ کے لیے حاصل کیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے ایک دن بھی اس کا نفاذ نہ ہو سکا، قرآن و سنت سے دوری ہی مسائل اور بدامنی کی اصل وجہ ہے۔انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ قرآن و حدیث سے اپنا تعلق مضبوط کریں اور عوام کو بھی اس پیغام سے آگاہ کریں تاکہ بلوچستان میں امن و خوشحالی قائم ہو سکے۔
بلوچستان کے مسائل کا حل دیانتدار اور مخلص قیادت ہے، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

