لاہور(پ ر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر زبیدہ جبیں نے کہا ہے کہ اسرائیل کی درندگی اور اقوام عالم کی بے حسی انتہا کو پہنچ چکی ہے -اسرائیل نے غزہ میں درندگی کی وہ مثالیں قائم کیں جنہوں نے ہلاکو خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا -امت مسلمہ کے دل زخمی ہیں-لہذا وہ مسلم دشمن اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کر کے اہل غزہ سے اظہار یک جہتی کریں ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے یوم آزادی پر ایکسپوسنٹر لاہور میں بزنس مین فورم کے زیراہتمام ”میرا برانڈ پاکستان“ ایکسپو 2025ء کے پہلے روز کی تقریب میں میڈیا پرسنز سے گفتگو کے دوران کیا- انہوں نے کہا کہ آج یوم آزادی پوری قوم کے لیے خوشی کا دن ہے-لیکن اس خوشی کے موقع پر ہمیں بھوک اور پیاس کی جنگ میں مبتلا اپنے فلسطینی بھائیوں کو نہیں بھولنا جو کی ماہ سے مسلسل اسرائیلی درندگی کو بہادری اور صبر سے برداشت کر رہے ہیں -انہوں نے کہا کہ لوگ یہ سوال اٹھاتے تھے کہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں تو متبادل کیا ہو ، اس مسلے کے حل کے طور پر دو سو سے زائد معیاری برانڈز کو ایک چھت تلے جمع کر دیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو معیاری مصنوعات کے انتخاب میں آسانی اور سہولت ہو – ڈپٹی سیکرٹری اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے کہا کہ پاکستان بزنس فورم کی لاہور میں کامیاب نمائش قابل تحسین ہے۔ اس عظیم الشان نمائش نے عوام کے دلوں میں ملکی برانڈز سے محبت اور اسرائیلی مصنوعات کے خلاف نفرت کے جذبے کو اجاگر کیا -لوگوں کو موقع ملا کہ وہ اسرائیلی برانذز کے متبادل معیاری مصنوعات کو اپنا سکیں ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ ”میرا برانڈ پاکستان“ پہلے کراچی اوراج لاہور میں بہترین تعارفی پروگرام پیش کرنے میں کامیاب رہا اس کا دائرہ پورے ملک میں وسیع ہو گا- ”میرا برانڈ پاکستان“ کی کامیابی میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم اور فلسطینیوں کی لازوال قربانیاں قابل ذکر ہیں -اب ضرورت اس بات کی ہے کہ مصنوعات کے معیار کو بہترین بنایا جائے اور ان برانڈز کو اہل فلسطین کی بھرپور مدد کے لیے استعمال کیا جائے -ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی اہل غزہ کے لیے امدادی سرگرمیوں کی بھرپور تعریف کی۔ مرکزی قائدین نے سٹالز کا دورہ بھی کیا -“میرا برانڈ پاکستان” میں آنے والے شرکاء کا جوش و خروش قابل دید تھا – نمائش میں مختلف پاکستانی کمپنیوں نے دو سو سے زائد سٹالز لگائے گئےـاس موقع پر صدر وسطی پنجاب نازیہ توحید ، ناظمہ حلقہ لاہور عظمی عمران اور انکی نائبین بھی موجود تھیں۔
اہل غزہ پر بھوک کی جنگ مسلط، اقوام عالم اسرائیل کے مظالم کیخلاف خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، ڈاکٹر زبیدہ جبیں

