کوئٹہ:وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان کی 78 ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ آزادی بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی ہے، اس کی قدر کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے جبکہ آپریشن بنیان مرصوص نے قومی اداروں پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا اور ملک کے عالمی وقار میں اضافہ کیا۔جام کمال خان نے کہا کہ جشنِ آزادی صرف خوشی کا نہیں بلکہ قربانیوں اور قومی اتحاد کی یاد کا دن ہے، اس لیے ہمیں اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک و قوم کی ترقی کے لیے یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ٹھوس اقدامات جاری ہیں۔ وفاقی وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ علم، ہنر اور محنت کو اپنا شعار بنائیں تاکہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کیا جا سکے۔
آزادی قربانیوں کا ثمر ہے، عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جام کمال خان

