کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان کی 78ویں یوم آزادی کے موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس روزی خان بڑیچ نے پرچم کشائی کی اور تقریب سے خطاب کیا۔اپنے خطاب میں چیف جسٹس روزی خان بڑیچ نے کہا کہ پاکستان کی آزادی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے اور ہمیں اس نعمت کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کا شعور پیدا کرنا چاہیے۔ انہوں نے عدلیہ میں عوام کو بروقت اور فوری انصاف فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ عدالتوں میں انصاف کے عمل کو تیز اور مثر بنانے کے لیے وراثتی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ ورثا کو ان کے قانونی حقوق جلد مل سکیں۔چیف جسٹس نے خواتین ججز اور وکلا کے لیے خصوصی سینٹر قائم کرنے کا ذکر کیا تاکہ نابالغ بچوں کے ساتھ آنے والی خواتین محفوظ اور آسان ماحول میں اپنے پیشہ وارانہ فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے عدالتی نظام میں جدید ڈیجیٹل سہولیات متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا تاکہ سائلین اپنے کیس کی معلومات گھر بیٹھے حاصل کر سکیں، جس سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ عوام کا عدلیہ پر اعتماد بھی مستحکم ہوگا۔
بلوچستان ہائی کورٹ میں 78ویں یوم آزادی پرچیف جسٹس روزی خان بڑیچ نے پرچم کشائی کی

ٹیگز:
بلوچستان
