کوئٹہ:گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان کی اْنہتر ویں سالگرہ کے موقع پر میں پوری قوم کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی دلیر قوموں کو دلیری سے ملتی ہے. جسطرح بلوچستان پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے اسطرح پاکستان پوری مسلم دنیا کے ماتھے کا جھومر ہے. آج ہم ایک نہیں بلکہ دو مختلف خوشیوں کا جشن منا رہے ہیں ایک یوم آزادی پاکستان کا جشن اور دوسرا معرکہ حق میں پاکستان کی جیت کا جشن. اس کے علاوہ یہ بتانا ضروری سمجھتا ہوں کہ آج لاہور میں معرکہ حق میوزیم کا افتتاح بھی کیا جا رہا ہے. انہوں نے کہا کہ آزادی درحقیقت انسانی زندگی کا اصل جوہر ہے جو افراد کو اپنی خودمختاری زندگی گزارنے کے ساتھ ساتھ آزادانہ انتخاب کرنے اور اپنی تقدیر خود بنانے کے قابل بناتا ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں جشن آزادی پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، پارلیمنٹرینز، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی سمیت خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند کی تاریخ میں چودہ اگست 1947 کا دن وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان ایک آزاد اور خودمختار مملکت کے طور پر معرض وجود میں آیا تھا۔ برصغیر کے مسلمان اپنی بیشمار قربانیوں کے نتیجے میں انگریزوں کی غلامی اور جبر سے آزاد ہوئے. اج ہم تحریک آزادی کے ان تمام شہداء اور غازیوں کو بھی خراج تحسین پیش کر رہے ہیں جنہوں نے خود سختیاں برداشت کر کے ہمارے لیے یہ وطن حاصل کیا۔ انہوں نے تو اپنا فرض ادا کر دیا ہے اب یہ ہماری خاص طور پر نوجوان نسل کی ذمہ داری ہے کہ اس آزادی کو برقرار رکھیں. اپنے پیارے وطن کی سلامتی اور ترقی کیلئے بلند حوصلے اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ ہر وقت پرعزم رہیں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ حالیہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں افواج پاکستان نے عددی برتری کو ٹھکراتے ہوئے اپنی دلیری اور جر?ت کا نمایاں مظاہرہ کیا اور تاریخ میں ایک یادگار فتح رقم کی۔ یہ شاندار جیت افواج پاکستان کی طاقت کا منہ بولتا ثبوت ہونے کے ساتھ ساتھ مسلم ممالک کیلئے امید کی کرن بھی ہے. انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے قیام کے بعد ایک طویل سفر طے کیا ہے لیکن ہمیں اب بھی بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جو ہماری ترقی میں رکاوٹ ہیں۔ ہمارے ملک کے موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ پوری قوم ایک بار پھر اسی جذبے کو پروان چڑھائے اور قومی اتحاد و اتفاق کا بھرپور مظاہرہ کریں تاکہ ہم سب مل کر ملک کی تعمیر اور ترقی کو یقینی بنائیں۔ ہمیں ایک روشن اور مسلسل آگے بڑھتا ہوا ترقی یافتہ پاکستان کے خواب کی تعبیر کرنی ہے جس کیلئے ہمیں معاشی استحکام، سماجی انصاف اور سیاسی ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوششیں کرنی ہوگی۔ گورنر مندوخیل نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ملک کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ہمیں ملک و قوم کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے – آمین
بلوچستان پاکستان کے ماتھے کا جھومر اور پاکستان مسلم دنیا کے ماتھے کا جھومر ہے،گورنر بلوچستان

