کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان محمد نور کھیتران سے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) کی نومنتخب کابینہ کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ اس وفد کی قیادت بی یو جے کے صدر خلیل احمد نے کی۔ ملاقات کے دوران ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سعید احمد شاہوانی، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد نجیب اللہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل محمد نور کھیتران نے بی یو جے کی نئی کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وڑن کے مطابق موجودہ صوبائی حکومت صحافی برادری کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جرنلسٹس ویلفیئر فنڈ کے تحت متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ صحافیوں کو درپیش مسائل کا ازالہ کیا جا سکے۔ملاقات کے دوران میڈیا اکیڈمی کے قیام، صحافیوں کے لیے رہائشی کالونی کے منصوبے، اور دیگر پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ تعلقات عامہ صحافیوں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔بعد ازاں، بی یو جے کے وفد نے ڈی جی پی آر آفس کی ڈیجیٹل لیب کا دورہ بھی کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی جدید سہولیات کا مشاہدہ کیا۔ وفد نے ڈی جی پی آر کی جانب سے صحافتی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا۔

