کوئٹہ : صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ مربوط معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں بلوچستان خوشحالی اور معاشی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔نئے مالی سال کیلئے 500ارب روپے کاریکارڈ بجٹ پیش کیاجاے گا انہوں نے کہا کہ نیا بجٹ صوبے میں ترقی و خوشحالی کی نئی تاریخ رقم کرے گا۔اپوزیشن صوبے کے عوام کی ترقی نہیں چا ہتی۔تاریخی اوربہترین بجٹ پر اپوزیشن کے پاس تنقید برائے تنقید کیلئے بھی الفاظ نہیں۔اپوزیشن کا احتجاج غیر پارلیمانی رویہ ہے جوکہ کسی صورت مناسب نہیں تھاانہوں نے کہا ہے کہ وزیراعلی جام کمال کی قیادت میں صوبائی حکومت شاندار بجٹ پیش کرے گی اور بجٹ میں کمزور طبقات کو خصوصی سہولتیں فراہم کی جائے گی اور تاریخ میں پہلی بار مختلف سیکٹرز کو اربوں روپے کا ٹیکس ریلیف دیا جائے گا۔بجٹ میں اعلان کردہ اقدامات سے مستحکم ہوتی معیشت مزید مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صو بائی حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کی بدولت تمام معاشی اشاریے مثبت ہو جائیں گے تاہم بجٹ پر اپوزیشن رہنماؤں کا واویلا بے وقت اور بے بنیاد ہے اور بجٹ میں عوام دوست اقدامات پر اپوزیشن کارویہ ملکی مفادات سے متصادم ہے۔بہترین اورمتوازن بجٹ پر اپوزیشن کی بوکھلاہٹ سب کے سامنے عیاں ہے۔ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ پاکستان معاشی طورپرمضبوط ہو۔ بجٹ پر سیاست چمکانا انہیں زیب نہیں دیتا۔اپوزیشن ضد چھوڑ کر عملیت پسندی کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جام کمال کی قیادت میں بلوچستان معاشی استحکام کے سفر پر گامزن ہے اور وفاقی حکومت کی طرح بلوچستان کا بجٹ بھی عوام دوست ہوگا۔
نیا بجٹ صوبے میں ترقی و خوشحالی کی نئی تاریخ رقم کرے گا، میر ضیاء لانگو

ٹیگز:
میر ضیاء لانگو
