ڈیرہ اللہ یار:ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس جعفرآباد نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران 20 کلو گرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر جاوید بلوچ نے انچارج نارکوٹکس انسپکٹر سیف اللہ سیال اور طالب حسین جمالی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ ٹیم نے قومی شاہراہ زیرو پوائنٹ پر کرولا کار (نمبر BRK-452) کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران گاڑی کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم محمد رمضان کا تعلق پنجاب کے ضلع وہاڑی سے ہے، جس نے اعتراف کیا کہ وہ اس سے قبل بھی کئی بار منشیات اسمگلنگ میں ملوث رہا ہے۔ ضبط کی گئی منشیات کی مالیت اندرون ملک تقریبا 3 کروڑ جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں 70 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ حکام کے مطابق نصیرآباد ڈویژن میں آئس کے خلاف یہ پہلی بڑی کارروائی ہے۔ اس سے قبل بھی جعفرآباد ایکسائز ٹیم نے چرس و دیگر نشہ آور اشیا کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔
جعفرآباد ،گاڑی سے کروڑوں روپے کی منشیات برآمد ، ملزم گرفتار

