کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی کی زیر صدارت اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقدہ اہم اجلاس میں اسپیکر کی رولنگ کی روشنی میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے چیف اور سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی) کے جنرل منیجر کو طلب کیا گیا، جس میں صوبے بالخصوص کوئٹہ میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج، عوامی مشکلات اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی علی مدد جتک، ہادیہ نواز بہرانی، فرح عظیم شاہ، سلمیٰ بی بی، کلثوم نیاز بلوچ، شاہدہ رؤف، زرک خان مندوخیل، ملک نعیم خان بازئی، لیاقت علی لہڑی، صفیہ بی بی اور محمد خان لہڑی نے شرکت کی۔اجلاس کے آغاز پر اراکین اسمبلی نے کیسکو کی کارکردگی پر شدید تحفظات اور عوامی شکایات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ، انتہائی کم وولٹیج اور بجلی کی عدم دستیابی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ اراکین نے کہا کہ شدید سرد موسم میں بھی عوام کو بجلی اور گیس جیسی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے، جس کا جواب انہیں اپنے حلقوں میں عوام کو دینا پڑتا ہے۔اراکین اسمبلی نے مزید کہا کہ اپنے پی ایس ڈی پی فنڈز میں انرجی کے لیے مختص فنڈز کے باوجود بجلی کی فراہمی سے متعلق متعدد اسکیمیں تاحال مکمل نہیں ہو سکیں۔ اگر ان منصوبوں کے فنڈز جاری ہو چکے ہیں تو ان کی عدم تکمیل کی ذمہ داری کیسکو پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ عوامی نمائندوں کی جانب سے رابطے کے باوجود بعض علاقوں کے ایس ڈی اوز فون تک وصول نہیں کرتے، جبکہ اعلی حکام سے ملاقاتوں میں مسائل کے حل کی یقین دہانی کے بعد بھی عملی پیش رفت دکھائی نہیں دیتی۔اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے سخت موسمی حالات کے پیش نظر صوبے کو دیگر علاقوں کے مقابلے میں توانائی کی زیادہ ضرورت ہے۔ آنے والے دنوں میں موسم مزید سرد ہونے کے خدشے کے پیش نظر کیسکو اور ایس ایس جی سی کے درمیان موثر رابطہ اور باہمی تعاون ناگزیر ہے، تاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے اوقات میں گیس کی فراہمی بھی بیک وقت معطل نہ ہو اور عوام کو دوہرے بحران کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے کہا کہ اجلاس کا بنیادی مقصد کیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام سے یہ جاننا ہے کہ عوام کو بالخصوص کوئٹہ میں فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیا عملی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قلت کا مسئلہ اسمبلی میں مسلسل اٹھایا جا رہا ہے، متعلقہ حکام کو بارہا طلب کیا جاتا ہے، مگر افسوس کہ عوامی مشکلات میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں نہیں آتی۔اسپیکر نے واضح کیا کہ اگر چند صارفین بجلی کے بل ادا نہیں کرتے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ درجنوں دیگر گھرانوں کو بھی سزا کے طور پر بجلی سے محروم رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دیہی علاقوں میں فوری طور پر مسائل حل کرنا ممکن نہیں تو کم از کم شہری علاقوں میں زیرو لوڈشیڈنگ کو یقینی بنایا جائے۔ عوام کو ریلیف دینا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور آج کا اجلاس اسی وقت نتیجہ خیز تصور ہوگا جب عوام کو عملی طور پر سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر دونوں وفاقی اداروں کو بجلی اور گیس کی فراہمی کے حوالے سے کسی قسم کے انتظامی یا مالی مسائل درپیش ہیں تو انہیں واضح طور پر اسمبلی کے سامنے رکھا جائے تاکہ ان کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر بات کی جا سکے۔ اگر آج کے اجلاس کے نتیجے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے تو ان کی تفصیلات ایوان کے فلور پر بھی پیش کی جائیں گی۔اسپیکر نے کہا کہ زرعی شعبے کے لیے بجلی کے استعمال اور ٹرانسفارمرز کی فراہمی سے متعلق پابندیوں کے تناظر میں یہ امر بھی یقینی بنایا جائے کہ دستیاب توانائی عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال ہو۔ انہوں نے چمن کی ایک غریب خاتون کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہیں 57 ہزار روپے کا بجلی کا بل موصول ہوا، جبکہ ان کے گھر میں صرف دو پنکھے اور تین بلب موجود ہیں۔ خاتون نے متعلقہ حکام سے گھر کا دورہ کرکے اصل صورتحال دیکھنے کی درخواست بھی کی، مگر ان کی شکایت کا موثر ازالہ نہ ہو سکا۔ اسپیکر نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات متعلقہ ادارے کے نظام میں ممکنہ بے ضابطگیوں اور صارفین کی شکایات کے موثر ازالے کے فقدان کی نشاندہی کرتے ہیں۔انہوں نے مزید سوال اٹھایا کہ جب صوبے میں تقریباً 27 ہزار Tubewells کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جا چکا ہے تو اس کے باوجود بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ کے مسائل برقرار رہنے کی وجوہات کیا ہیں؟ اسپیکر نے زور دیا کہ اداروں کو محض اعداد و شمار پیش کرنے کے بجائے عوام کو ریلیف دینے کے لیے قابل عمل اقدامات کرنا ہوں گے۔کیسکو چیف مجیب مری نے اجلاس کو بتایا کہ بجلی کی فراہمی کے حوالے سے مختلف علاقوں میں بجلی چوری, سرکاری محکموں کے ذمے واجب الادا بلز اور دیگر انتظامی مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے حکومت بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی چوری کی روک تھام اور نگرانی کے لیے دو مجسٹریٹس فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جن علاقوں میں بجلی چوری نہیں ہوتی وہاں صارفین کو حتی الامکان 100 فیصد بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر اسپیکر نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو یکساں سنجیدگی اور مؤثر حکمت عملی کے ساتھ اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ اراکین اسمبلی کو بھی اپنے حلقوں کے عوام کے ساتھ احتجاج کرنا پڑتا ہے، جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر ایک اہم سوالیہ نشان ہے۔جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی راحیل ملک نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایران جنگ کی وجہ سیگیس کی قلت، چوری اور گیس لائنوں کو نقصانات پہنچانے کے باعث کمپنی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کمپنی کے چار زونز میں ہونے والے نقصانات کے پیش نظر گیس کی دستیابی کو مختلف علاقوں میں متوازن رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اراکین اسمبلی کو تجویز دی کہ ہر علاقے کے لیے ایک فوکل پرسن نامزد کیا جائے تاکہ گیس کی فراہمی میں کسی بھی تعطل یا مقررہ اوقات کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر مسئلہ حل کیا جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کے اوقات پاور ڈویڑن کی جانب سے طے کیے جاتے ہیں، جبکہ بعض اضلاع میں سیکیورٹی مسائل کے باعث بوزرز کے ذریعے گیس کی فراہمی میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔اجلاس کے اختتام پر اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے ہدایت کی کہ حکومت بلوچستان کے جن محکموں کے ذمے کیسکو کے بجلی کے واجبات ہیں، ان کی مکمل فہرست مرتب کرکے پیش کی جائے تاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے معاملہ اٹھا کر واجبات کی ادائیگی اور وصولی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔اسپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو بجلی اور گیس کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر اسمبلی کی جانب سے نگرانی جاری رکھی جائے گی اور عوامی نمائندوں کے تحفظات کو مؤثر انداز میں متعلقہ حکام کے سامنے اٹھایا جاتا رہے گا۔
اسپیکر بلوچستان اسمبلی کا بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس،کیسکو اور سوئی سدرن گیس کی کارکردگی پر اراکین اسمبلی برہم

ٹیگز:
اسپیکر بلوچستان اسمبلی
