کوئٹہ:ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (سکولز)بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق محکمہ تعلیم کے تمام تدریسی و غیر تدریسی عملے کو اپنی اصل تعیناتی کی جگہ پر فوری طور پر ڈیوٹی سنبھالنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مختلف اضلاع سے رپورٹس موصول ہوئی ہیں کہ متعدد ملازمین اب بھی اپنی اصل تعیناتی کے بجائے دیگر دفاتر یا اسکولوں میں ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، جو کہ ناقابل قبول ہے۔اعلامیے کے مطابق سیکرٹری اسکول ایجوکیشن نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام اٹیچمنٹ اور ایڈجسٹمنٹ آرڈرز کو فوری طور پر منسوخ کرنے کی سختی سے ہدایت دی ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ افسران کو واضح ہدایت دی گئی ہے کہ ایسے تمام ملازمین کو فوری طور پر ان کی اصل پوسٹنگ پر رپورٹ کرنے کی ہدایت دی جائے، بصورت دیگر ان کے خلاف بلوچستان ایمپلائز ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن ایکٹ 2011 (BEEDA) کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔بالخصوص ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن لورالائی ڈویژن اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لورالائی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان ملازمین کو فوری طور پر ضرورت کے مطابق اسکولز میں تعینات کریں جن کی خدمات 25 جولائی 2025 کو اس ڈائریکٹوریٹ سے جاری کردہ مراسلے کے تحت ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر (میل) لورالائی کے لیے لگائی گئی تھیں۔اعلامیے پر ڈائریکٹر ایجوکیشن اسکولز بلوچستان اختر محمد کھتران کے دستخط موجود ہیں۔
محکمہ تعلیم بلوچستان نےتمام تبادلے اور من پسند تقرریاں منسوخ کر دی

