بولان:بلوچستان کے ضلع کچھی کی سب تحصیل حاجی شہر بالاناڑی کے علاقے گولہ واہ میں ناڑی ندی میں 28000 کیوسک کے نچلے درجے کے سیلابی ریلے کے باعث گنڈا جات ٹوٹ گئے، جس کے نتیجے میں درجنوں دیہات زیر آب آ گئے اور پچاس سے زائد دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔یہ صورتحال ضلعی انتظامیہ کچھی اور پی ڈی ایم اے کوئٹہ کے ان دعووں کی نفی کرتی ہے، جن میں کہا گیا تھا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے ہائی الرٹ ہیں۔ گنڈا جات کو ٹوٹے ہوئے بارہ گھنٹے گزر چکے ہیں مگر اب تک نہ تو حکومتی مشینری پہنچی ہے اور نہ کوئی امدادی کاروائی کی گئی ہے۔ مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بند کو باندھنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیں اور متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امداد پہنچانے کے احکامات جاری کریں تاکہ انسانی جانوں اور املاک کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
کچھی ،ناڑی ندی میں سیلابی ریلہ، درجنوں دیہات زیرآب

