بیجنگ (ڈیلی گرین گوادر) آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کا سرکاری دورہ کیا ہے، جہاں اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کی گہرائی پر اطمینان کا اظہار اور پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط کرنے کا اعادہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چین کے سرکاری دورے پر موجود ہیں، اس موقع پر فیلڈ مارشل نے بیجنگ میں چین کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے نائب صدر ہان ژینگ اور وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقاتیں کیں، اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان آہنی دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کی ازسرِ نو توثیق کی گئی۔ملاقاتوں میں خطے اور دنیا کی بدلتی سیاسی صورتحال، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے اور مشترکہ جیوپولیٹیکل چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے دو طرفہ تعلقات کی گہرائی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹر پہنچنے پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں مسلح افواج کے درمیان دیرینہ دوستی کی علامت تھا۔فیلڈ مارشل کی چینی عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں دفاعی و سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ اقدامات، باہمی تربیت، دفاعی جدیدیت اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی گئی، فریقین نے ہائبرڈ اور سرحد پار خطرات سے نمٹنے کے لیے آپریشنل ہم آہنگی اور اسٹریٹجک تعاون کو بڑھانے پر بھی زور دیا۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ چین، اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام سے ملاقاتیں

ٹیگز:
آرمی چیف
