کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ سرکاری افسران کی اصل پہچان عوامی خدمت، شفاف طرز حکمرانی اور اعلی کارکردگی ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سول سروس:ایگزیکٹو برانچ: آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں نئے تعینات اسسٹنٹ کمشنرز اور سینئر افسران شریک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کو ملنے والی تمام سہولیات اور مراعات عوام کے ٹیکس سے حاصل ہوتی ہیں، اس لیے ان کے امین ہونے کے ناطے اولین ترجیح عوامی خدمت ہونی چاہیے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ سول سروس میں کامیابی کا انحصار مسلسل سیکھنے، خود کو بہتر بنانے اور عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ہے۔شکیل قادر خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی عوام کی بڑی تعداد سروس ڈلیوری سے مطمئن نہیں، افسران کو چاہیے کہ وہ رویے اور طرز عمل میں مثبت تبدیلی لا کر عوام کو ریاست سے جوڑیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے سول سروس میں اصلاحات کا ایک جامع پیکج تیار کرلیا ہے، جس کی منظوری 23 جولائی کو وزیر اعظم کی زیر صدارت متوقع ہے۔چیف سیکرٹری نے بتایا کہ بلوچستان حکومت بھی ان اصلاحات کو مرحلہ وار نافذ کرے گی، جن میں تربیت، کارکردگی کا نظام، تنخواہوں میں بہتری، اور سروس اسٹرکچر میں تبدیلی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار پہلی مرتبہ اسسٹنٹ کمشنرز کی تربیت بلوچستان سول سروس اکیڈمی میں کی جا رہی ہے، جس میں جدید نظم و نسق اور پبلک ایڈمنسٹریشن کے ماڈیولز شامل ہیں۔تقریب کے اختتام پر چیف سیکرٹری نے نئے افسران سے فردا فردا ملاقات کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر مجیب الرحمن قمبرانی نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے دس نکاتی اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔
عوامی خدمت اور شفاف طرز حکمرانی افسران کی پہچان ہونی چاہیے، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان

ٹیگز:
شکیل قادر خان
