کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے سپریم کورٹ برانچ رجسٹری کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قانونی برادری اور مختلف بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ ان کے ہمراہ جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شکیل احمد بھی موجود تھے۔16 جولائی کو رجسٹری میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں سپریم کورٹ بار، ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے صدور اور نمائندے شریک ہوئے۔ چیف جسٹس نے خطاب میں بینچ اور بار کے درمیان شراکت داری کو انصاف کے مثر نظام کی بنیاد قرار دیا اور کوئٹہ کو اپنا دوسرا گھر کہہ کر یہاں کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔انہوں نے خواتین وکلا کے لیے دو خصوصی تربیتی بیچز اسلام آباد میں وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں منعقد کرنے کا اعلان کیا، جو کوئٹہ اور مکران سے ہوں گے۔ چیف جسٹس نے وکلا سے براہِ راست ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور بار کے لیے سہولیات کی بہتری، بار روم کی فراہمی اور سہولت مرکز کے قیام کے عزم کا اظہار کیا۔اسی روز بار کونسلز کی نمائندہ کمیٹی سے بھی ملاقات کی گئی جس میں وکلا کی لازمی تربیت سے متعلق مالی چیلنجز پر بات چیت ہوئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ جوڈیشل اکیڈمیز کے ڈائریکٹر جنرلز سے ملاقات کر کے مالی وسائل کے مطابق 15 روزہ تربیتی پروگرام ترتیب دیا جائے گا۔دورہ عدلیہ اور وکلا برادری کے درمیان تعاون، قانونی تعلیم کے فروغ اور بہتر انصاف کی فراہمی کے عزم کی ایک اہم مثال بن کر اختتام پذیر ہوا۔
چیف جسٹس جناب یحیی آفریدی کا سپریم کورٹ برانچ رجسٹری کوئٹہ کا دورہ، وکلا برادری سے اہم ملاقاتیں

