کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے اور مرکزی کمیٹی کے رکن باز محمد نے کیسکو کی جانب سے گریڈ 1 سے گریڈ 15 تک مشتہر کردہ 2,798 آسامیوں میں محروم پشتون اضلاع کو مکمل طور پر نظرانداز کرنے، وہاں کے اہل امیدواروں کو بھرتی کے عمل میں یکساں مواقع فراہم نہ کرنے اور آسامیوں کی شفاف و منصفانہ ضلعی بنیادوں پر تقسیم کے مطالبات کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے وکیل عبدالمصور خان ترین ایڈووکیٹ کے ذریعے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کیسکو کے آفس میں باقاعدہ رٹ پٹیشن دائر کر دی ہے۔ رٹ پٹیشن میں محروم پشتون اضلاع کے امیدواروں کے لیے انٹرویو اور دستاویزات کی تصدیق کے مراکز قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں درخواست اور متعلقہ دستاویزات کیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے دفتر، جبکہ کیسکو بورڈ کی رکن محترمہ روشن خورشید بروچہ اور ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز قاضی فہیم کو بھی اس سلسلے میں آگاہ کیا گیا ہے۔پارٹی رہنماؤں نے رٹ پٹیشن میں مطالبہ کیا ہے کہ کیسکو کی مشتہر کردہ 2,798 آسامیوں میں پشتون اضلاع کی مکمل اور مستند ضلعی تفصیلات، منظور شدہ، پُر شدہ اور خالی آسامیوں کی تعداد اور ان کی تقسیم کے معیار کو عوام کے سامنے لایا جائے۔ بالخصوص محروم پشتون اضلاع کو بھرتی کے عمل میں نظرانداز کرنے کی وجوہات واضح کی جائیں اور ان اضلاع کے اہل امیدواروں کو بھی دیگر اضلاع کے امیدواروں کی طرح مساوی اور قابلِ رسائی سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے امیدوار کسی امتیاز یا غیر ضروری مشکلات کے بغیر میرٹ کی بنیاد پر مقابلے میں حصہ لے سکیں۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا ہے کہ صوبے کے کسی بھی ضلع، بالخصوص محروم پشتون اضلاع کے اہل امیدواروں کو بھرتی کے عمل سے محروم رکھنا یا ان کے لیے غیر مساوی انتظامات کرنا قابلِ قبول نہیں۔ پارٹی تمام اضلاع کے امیدواروں کے حقوق، شفاف بھرتی اور روزگار کے منصفانہ مواقع کے حصول کے لیے اپنی آئینی اور قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔ پارٹی رہنماؤں نے مزید واضح کیا کہ اگر کیسکو حکام کی جانب سے ان تحفظات کا تسلی بخش ازالہ نہ کیا گیا اور مطالبات پر مثبت پیش رفت نہ ہوئی تو اس معاملے پر مزید قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے فوری طور پر عدالتِ عالیہ سے رجوع کیا جائے گا۔
کیسکو کی 2,798 آسامیوں میں پشتون اضلاع کو نظرانداز کرنے کے خلاف پشتونخوانیپ کی رٹ پٹیشن دائر

ٹیگز:
کیسکو
