اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندیاں ختم کردیں جس کی تصدیق برطانوی ہائی کمشنر نے کردی۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو برطانیہ کی ایئر سیفٹی فہرست سے نکال دیا گیا ہے، اب تمام پاکستانی فضائی کمپنیاں برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔برطانوی ہائی کمشنر کے مطابق برطانیہ کی ایئر سیفٹی کمیٹی نے پاکستان میں فضائی تحفظ کے نظام میں بہتری کے بعد پاکستانی فضائی کمپنیوں پر عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں، تاہم ہر فضائی کمپنی کو برطانیہ میں پروازوں کے آغاز سے قبل برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے الگ اجازت نامے حاصل کرنا ہوں گے۔اپنے بیان میں جین میریٹ نے کہا کہ ’میں برطانیہ اور پاکستان کے ماہرین ہوا کی شکر گزار ہوں جنہوں نے بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتری کے لیے مشترکہ کام کیا، اگرچہ پروازوں کی بحالی میں وقت لگے گا لیکن جیسے ہی انتظامی معاملات مکمل ہوں گے، میں اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں سے ملنے کے لیے پاکستانی ایئرلائن سے سفر کی منتظر ہوں‘۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی ایئر سیفٹی فہرست سے کسی ملک یا فضائی کمپنی کا نام نکالنے کا فیصلہ ایک آزاد اور تکنیکی عمل کے تحت کیا جاتا ہے، جس کی نگرانی ایئر سیفٹی کمیٹی کرتی ہے۔
برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندیاں ختم کردیں

ٹیگز:
برطانیہ
