کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نہتے مسافروں کے قتل کو فتنہ ہندوستان کی کھلی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم پاکستانیوں کا قتل ناقابل معافی جرم ہے، اس کا جواب انتہائی سخت دیا جائے گا۔اپنے بیان میں وزیراعلی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے انسان نہیں، بزدل درندے ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ بلوچستان کی مٹی میں بے گناہوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ان قاتلوں کو زمین کے اندر بھی چھپنے نہیں دے گی، اور دہشتگردی کے ہر منصوبے کو طاقت، عزم اور اتحاد سے کچلا جائے گا۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان دشمنوں کے لیے قبرستان بنے گا، فتنہ ہندوستان کے پروردہ دہشتگردوں کے تمام نیٹ ورکس کو تباہ کیا جائے گا۔ وزیراعلی کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک ریاستی جنگ ہے، جس میں دوٹوک فیصلہ ہوگا، پاکستانی عوام کے زخموں کا بدلہ لیا جائے گا اور دہشت کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ دشمن بلوچستان کو غیرمستحکم کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے، لیکن صوبے کے عوام ان ناپاک ارادوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔ ان کا کہنا تھا، بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، قاتل زمین کے اندر بھی چھپ نہیں سکیں گے
پاکستانی عوام کے زخموں کا بدلہ لیا جائے گا،میر سرفراز بگٹی

ٹیگز:
سرفراز بگٹی
