کوئٹہ(یو این اے )محکمہ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی :پی ڈی ایم اے:نے بلوچستان بھر میں 13 جولائی سے مون سون بارشوں کے ایک نئے اور شدید اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جن میں کوئٹہ، ژوب، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، زیارت، شیرانی، دکی، موسی خیل، بارکھان، ہرنائی، اور لورالائی شامل ہیں۔ اسی طرح سبی، کچھی، نصیر آباد، اوستہ محمد، جعفرآباد، صحبت پور اور خضدار میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں، سوراب، قلات، آواران، لسبیلہ، حب، جھل مگسی، ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں بھی موسلا دھار بارش متوقع ہے جس سے پہاڑی علاقوں اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہیں۔ ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بلوچستان میں مون سون کا نیا اسپیل، شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا خدشہ

