اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان نے جنوبی کوریا میں منعقدہ ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں مالدیپ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔پاکستان نے فائنل میں مالدیپ کو 35 کے مقابلے میں 60 گولز سے شکست دے کر ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔ جنوبی کوریا میں جاری اس ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان نے اپنی مسلسل فتح کی روایت کو برقرار رکھا۔پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین مدثر آرائیں، صدر ثمین ملک اور سیکریٹری جنرل محمد ریاض نے ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ میچ میں لیئا رضا شاہ، علیشہ نوید، سمیہ کوثر، حلیمہ، جیسمین فاروق، امانی، پریسا اور فرح رشید نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے سیمی فائنل میچ میں جاپان 39 کے مقابلے 64 گولوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جب کہ کوارٹر فائنل میں مالدیپ کو 39 کے مقابلے 49 گولز سے ہرایا تھا۔27 سے چار جولائی تک جاری رہنے والی اس چیمپیئن شپ میں 11 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ گروپ اے میں ملائیشیا، سنگاپور، سری لنکا، ہانگ کانگ اور انڈیا شامل تھے، جب کہ گروپ بی میں پاکستان، جاپان، مالدیپ، جنوبی کوریا، چینی تائیپی اور سعودی عرب شامل تھے۔
ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل پاکستان نے اپنے نام کرلیا

ٹیگز:
پاکستان
