بالی (ڈیلی گرین گوادر) انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے بالی کے قریب ایک کشتی ڈوبنے کے بعد 32 افراد لاپتا ہوگئے، ریسکیو ورکرز نے اب تک 4 لاشیں نکال لی ہیں، صبح کے وقت موسم اور سمندر کی حالت بہتر ہونے سے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مدد ملی ہے۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق قومی ریسکیو ایجنسی کے مطابق اب تک 29 افراد کو بچا لیا گیا ہے، کشتی میں سوار اپنے پیاروں کی خیریت جاننے کے لیے ان کے اہل خانہ بندرگاہ پر پہنچے، جن میں سے بعض روتے ہوئے گھبراہٹ کے عالم میں یہ اُمید کر رہے تھے کہ ان کے عزیز بچ جانے والوں میں شامل ہوں گے۔9 کشتیوں کے ذریعے مقامی ماہی گیر اور ساحلی علاقوں کے مکین مل کر لاپتا افراد کو تلاش کر رہے ہیں، 2 میٹر (6.5 فٹ) تک اونچی لہریں اور رات کا اندھیرا تلاش کے کام میں رکاوٹ بنے رہے، لیکن ایک ریسکیو اہلکار نے بتایا کہ صبح کے وقت موسم اور سمندر کی حالت بہتر ہونے سے لاپتا افراد کی تلاش میں آسانی ہوئی ہے۔کے ایم پی تُنو پراتاما جایا نامی کشتی بدھ کی رات مشرقی جاوا کے قصبے بانیوانگی میں کتاپنگ بندرگاہ سے روانہ ہونے کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد ڈوب گئی تھی، یہ کشتی بالی کی گلیمانک بندرگاہ جا رہی تھی جو تقریباً 50 کلومیٹر (30 میل) کا سفر ہے۔
انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے بالی میں کشتی ڈوبنے سے 4 افراد ہلاک، 32 لاپتا

ٹیگز:
انڈونیشیا
