کوئٹہ(یو این اے )نیشنل پارٹی کی صوبائی خواتین سیکرٹری اور رکن بلوچستان اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ نے زرعی یونیورسٹی کوئٹہ کی نئی تعمیر شدہ عمارت اور ہاسٹل کو ایک نجی ادارے نیوٹیک کے حوالے کرنے کی کوشش کو طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ اور عوامی وسائل پر قبضے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس سازش کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے جاری کردہ بیان میں کلثوم نیاز بلوچ نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے قیام کے لیے باقاعدہ قانون سازی کی گئی تھی اور کروڑوں روپے کی لاگت سے نئی عمارتیں، ہاسٹلز، ہالز اور تعلیمی بلاکس تعمیر کیے گئے، جہاں اس وقت بارہ سو سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ تاہم، اب ان عمارتوں کو ایک نجی ادارے کو دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو ناقابل قبول ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی کو 2014 میں نیشنل پارٹی کے دور حکومت میں قائم کیا گیا تھا اور اس وقت کے وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اس اہم منصوبے کی منظوری دی تھی۔ مگر گزشتہ کچھ عرصے سے اس ادارے کے خلاف منظم سازشیں کی جا رہی ہیں، جن میں تعمیراتی کام روکنا، عمارتوں کو کرایے پر دینا، زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ، داخلوں میں رکاوٹیں اور ڈیپارٹمنٹس کا خاتمہ شامل ہے۔کلثوم نیاز بلوچ نے اعلان کیا کہ نیشنل پارٹی ایسے تمام اقدامات کی سختی سے مخالفت کرے گی اور کسی بھی صورت میں یونیورسٹی کے خلاف سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زرعی یونیورسٹی کو فوری طور پر فعال کیا جائے، طلبہ کو تمام ضروری سہولیات دی جائیں اور نئی عمارتوں کو کرائے پر دینے کا عمل فوری طور پر بند کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ وہ بلوچستان اسمبلی میں بھی اٹھا چکی ہیں اور آئندہ بھی بھرپور انداز میں عوامی نمائندہ کی حیثیت سے آواز بلند کرتی رہیں گی۔
تعلیمی ادارے پر قبضے کی سازش برداشت نہیں کریں گے،کلثوم نیاز بلوچ

