قلات(یو این اے )قلات کی تحصیل نیمرغ میں ایک پرچون کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں چار افراد جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں نصیب اللہ ولد امام بخش، منیر احمد ولد محمد ایوب، محمد نور ولد علی جان اور عبداللہ ولد اللہ بخش شامل ہیں، جو تمام کے تمام ساسولی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں اور نیمرغ کے رہائشی ہیں۔آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس نے فوری طور پر زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ڈپٹی کمشنر جمیل بلوچ کے خصوصی احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر آفتاب احمد لاسی، ایڈیشنل ایس ایچ او لیویز عبدالکریم مینگل اور انچارج کنٹرول روم شیر علی ساسولی ہسپتال پہنچے۔ اسسٹنٹ کمشنر اور ڈاکٹر محمد یعقوب زہری کی زیر نگرانی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد انہیں بہتر علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کی بروقت کارروائی سے متاثرہ افراد کو فوری طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
قلات ، دکان میں آگ بھڑکنے سے چار افراد جھلس گئے

