کوئٹہ(یو این اے )پی ڈی ایم اے بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل و ریلیف کمشنر جہانزیب خان غورزئی کے مطابق عالمی ماڈلز جی ایف سی اور ECMWF کے حالیہ تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بلوچستان میں موجودہ موسمی نظام آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدت اختیار کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں قلات ڈویژن سمیت کئی اضلاع میں معتدل سے تیز بارشیں متوقع ہیں۔پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ضلع لس بیلہ میں 36 ملی میٹر، خضدار میں 20 ملی میٹر، جبکہ قلات، سوراب، ہرنائی اور زیارت میں 15 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے۔ کوئٹہ، مستونگ اور سبی میں 6 سے 10 ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ماڈلز کی پیشگوئی قلات ڈویژن کے لیے تقریبا یکساں ہے، جس سے پیشگوئی کی درستگی پر درمیانے درجے کا اعتماد ظاہر ہوتا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔نوٹ کیا گیا ہے کہ موسمی نظام متحرک ہے، اس لیے حالات میں تبدیلی ممکن ہے۔ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین موسمی اپڈیٹس کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

