لورالائی(یو این اے )پشتونخوا ملی عوامی پارٹی لورالائی کے ضلعی سیکرٹری مصطفی کمال کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں بلوچستان کانسٹیبلری لورالائی کے 488 مقامی اہلکاروں کو دوسرے اضلاع میں تبادلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس اقدام کو بدنیتی پر مبنی اور عوام دشمن قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لورالائی میں ان مقامی اہلکاروں کی شدید ضرورت ہے اور وہ اپنی ڈیوٹی بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن، رشوت اور سفارش کی جڑ اسی وقت کاٹی جا سکتی ہے جب بی سی کے مقامی اہلکار اپنے ضلع میں ہی ڈیوٹی انجام دیں تاکہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ رہ کر مہنگائی کے دور میں باعزت روزگار کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔مصطفی کمال کاکڑ نے واضح کیا کہ اتنی بڑی تعداد میں مقامی اہلکاروں کا تبادلہ دراصل کرپشن، تبادلہ کھاتے، اور سفارش کلچر کو فروغ دینے کے مترادف ہے، جو کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلی بلوچستان، سیکریٹری داخلہ، آئی جی پولیس، ڈی آئی جی لورالائی رینج اور کمانڈنٹ بی سی فوری طور پر ان 488 اہلکاروں کے تبادلوں کو منسوخ کریں۔انہوں نے وارننگ دی کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو پشتونخوا نیپ اس فیصلے کے خلاف بھرپور احتجاج کی کال دے گی۔
بلوچستان کانسٹیبلری کے 488مقامی اہلکاروں کے تبادلے ،پشتونخوا نیپ کی شدید مذمت

